اٹک میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں 5 دہشت گرد ہلاک

اٹک(پاک لینز).انسدادِ دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) کے مطابق اٹک کے سرحدی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور مسلح شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کالعدم تنظیم سے وابستہ پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ملزمان نے سیکیورٹی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے خودکش جیکٹ، دستی بم، ایس ایم جی رائفلیں، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے روابط اور ممکنہ نیٹ ورک کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر یا ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔