شہریوں کی سہولت کے لیے فری ڈرائیونگ لائسنس فٹنس سرٹیفکیٹ کی سہولت لاھور کے سرکاری ہسپتالوں میں فری فراہم کر دی گئی ۔ سی ٹی اور لاھور

لاھور(پاک لینز).لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری اسپتالوں میں مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق شہری اب شہر کے مختلف سرکاری اسپتالوں سے بغیر کسی فیس کے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 13 سرکاری اسپتالوں میں خصوصی کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں۔

ان میں ڈی ایچ کیو میاں میر اسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل اسپتال غازی آباد اور ٹی ایچ کیو اسپتال سبزہ زار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ اسپتال سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ، بلال گنج، سوڈیوال، کاہنہ، رائیونڈ اور سوامی نگر اسپتالوں میں بھی یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جعلی سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ آن لائن میڈیکل ویری فکیشن سے شفافیت اور عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔