مسٹر بیسٹ 500 ملین سبسکریپشن کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے یوٹیوبر بن گئے

معروف یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن، جو مسٹر بیسٹ کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے یوٹیوب پر 500 ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والے پہلے کریئیٹر بن کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ان کے سبسکرائبرز میں تقریباً 40 فیصد نوجوان 13 سے 17 سال کی عمر کے ہیں، جبکہ 20 فیصد ناظرین 18 سے 24 سال کی عمر کے گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ مسٹر بیسٹ نومبر 2022 میں انفرادی سطح پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے کریئیٹر بنے تھے۔ بعد ازاں جون 2024 میں انہوں نے یوٹیوب پر تمام چینلز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے ڈیجیٹل کریئیٹر کا اعزاز حاصل کیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی یوٹیوب آمدنی سالانہ تقریباً 600 سے 700 ملین ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔