صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رہائی میں مدد کی اپیل
صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے اپنی رہائی کے لیے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
ویڈیو میں ایک یرغمال شخص نے بتایا کہ انہیں قید میں 57 دن ہو چکے ہیں، تاہم متعلقہ شپنگ کمپنی قزاقوں سے مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے صومالی قزاقوں کے ساتھ رابطہ نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔
یرغمالیوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ کمپنی پر دباؤ ڈالے اور ان کی رہائی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اس معاملے میں براہِ راست مداخلت کریں تاکہ مذاکرات کا آغاز ہو سکے۔
ویڈیو پیغام میں مزید کہا گیا کہ قید کے دوران کئی افراد کی طبیعت خراب ہو رہی ہے، جبکہ حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق خوراک کی شدید کمی ہے اور پینے کے لیے صاف پانی دستیاب نہیں، جس کے باعث مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
یرغمالیوں نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قید میں زندگی مشکل اور موت قریب محسوس ہو رہی ہے۔