پنجاب پولیس کی جانب سے محرم الحرام میں لاھور سمیت صوبے بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات

لاھور(پاک لینز).آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ یکم محرم کے موقع پر صوبے بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں، جبکہ صرف لاہور میں 3 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب بھر میں آج 96 جلوس اور 3448 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جبکہ لاہور میں 10 جلوس اور 411 مجالس کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

سکیورٹی اقدامات میں 15 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد ہے۔

آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ طے شدہ روٹس کے علاوہ کسی بھی مقام پر جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام سرگرمیوں کی سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ اور دیگر فورسز کو محرم سکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور سوشل میڈیا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز منتظمین، علماء کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، جبکہ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر کے 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھی جائے گی۔