رائٹرز کے مطابق ایران امریکہ معاہدے کے تحت 300 ارب ڈالر کا پرائیویٹ فنڈ قائم کیا جائے گا
امریکا ایران معاہدہ، ایران کے لیے 300 ارب ڈالر کے خصوصی سرمایہ کاری فنڈ کی تفصیلات سامنے آگئیں
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کے تحت ایک 300 ارب ڈالر کا نجی سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے ایران میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فنڈ معاہدے پر باضابطہ دستخط کے بعد فعال ہوگا اور اس میں خطیر سرمایہ بیرونی نجی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس فنڈ کے لیے مجموعی رقم کا نصف سے زیادہ حصہ پہلے ہی یقینی بنایا جا چکا ہے۔
رائٹرز کے مطابق اس مجوزہ فنڈ میں امریکا کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک، ایشیا اور افریقہ سے تعلق رکھنے والی مختلف نجی کمپنیاں بھی سرمایہ کاری کریں گی، جبکہ اس میں کسی بھی حکومت کا براہِ راست سرکاری سرمایہ شامل نہیں ہوگا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ سرمایہ کاری فنڈ ایران کے منجمد اثاثوں سے الگ ہوگا، اور معاہدے کے تحت ایران کے منجمد مالی وسائل کی بحالی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔