وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھو پیڈک اینڈ میڈیکل رہیب اور چلڈرن ہسپتال فور کی منظوری دیدی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیب اور چلڈرن اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ نواز شریف میڈیکل سٹی میں 1519 بستروں پر مشتمل 7 بڑے اسپتال مرحلہ وار تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ متعدد ادارے قائم کیے جائیں گے جن میں انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیب اور چلڈرن اسپتال شامل ہیں۔
اس کے علاوہ میڈیکل سٹی میں پلاسٹک ری کنسٹرکٹو سرجری اینڈ برن سینٹر، انسٹیٹیوٹ آف جینیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز، سنٹر آف ایکسیلنس برائے نرسنگ اینڈ مڈوائفری، انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی اور انفیکشن ڈیزیز اسپتال بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 19 سال بعد پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مقصد ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ منصوبوں کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔