چاہت فتح علی خان کیساتھ ڈوئیٹ گانے کی پیشکش کے سوال پر شازیہ منظور کا دلچسپ جواب
پاکستان کی نامور لوک اور پلے بیک گلوکارہ شازیہ منظور نے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے چاہت فتح علی خان کے حوالے سے ایک دلچسپ اور مزاحیہ تبصرہ کیا، جس نے پروگرام کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران میزبان نے شازیہ منظور سے سوال کیا کہ اگر انہیں چاہت فتح علی خان کے ساتھ ڈوئیٹ گانے کی پیشکش کی جائے تو وہ کیا ردعمل دیں گی؟ سوال سنتے ہی گلوکارہ مسکرا دیں اور ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب دینا ان کے لیے بھی آسان نہیں۔
مزاحیہ انداز برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ انہیں اس معاملے میں معاف کر دیا جائے۔ اس کے بعد انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ شاید چاہت فتح علی خان ہی سب لوگوں کو معاف کر دیں تو بہتر ہوگا۔
ان کے اس برجستہ جواب پر پروگرام میں موجود شرکا اور میزبان اپنی ہنسی نہ روک سکے اور ماحول قہقہوں سے گونج اٹھا۔
بعد ازاں میزبان نے دریافت کیا کہ کیا ان کی کبھی ذاتی طور پر چاہت فتح علی خان سے ملاقات ہوئی ہے؟ اس پر شازیہ منظور نے فوراً مزاحیہ انداز میں جواب دیا، ’’اللہ بچائے‘‘، اور واضح کیا کہ آج تک ان کی ان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز دیکھتی رہتی ہیں اور بعض اوقات ان کی پوسٹس پر اپنے تاثرات کا اظہار بھی کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ شازیہ منظور پاکستان کی موسیقی کی دنیا کا ایک معروف نام ہیں، جنہوں نے اپنی منفرد آواز اور متعدد مقبول گانوں کے ذریعے کئی برسوں سے مداحوں کے دلوں میں خاص مقام بنا رکھا ہے۔