ایف آئی اے ائیرپورٹ ملتان کی کاروائی، آذربائجان جاتے ھوئے میاں بیوی گرفتار

ملتان(پاک لینز).ایف آئی اے نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک سفر کرنے والے ایک میاں بیوی کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق دونوں مسافر بظاہر آذربائیجان کے وزٹ ویزے پر سفر کر رہے تھے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ان کی اصل منزل ایکواڈور تھی۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں نے امیگریشن عملے کو گمراہ کرنے کے لیے آذربائیجان کا ویزہ پیش کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ سرگودھا سے تعلق رکھنے والا بلال اور لاہور کا رہائشی علی نامی افراد انہیں سفری معاملات میں رہنمائی فراہم کر رہے تھے۔

امیگریشن حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی اسمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ بعد ازاں میاں بیوی کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ دفتر منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک سفر کے لیے غیر قانونی ذرائع یا مشکوک ایجنٹوں پر اعتماد کرنے سے گریز کریں اور صرف مستند طریقہ کار اختیار کریں۔