فیفا ورلڈ کپ کے جاری مقابلے میں ایران اور بیلجیم کا میچ برابر
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بیلجیئم اور ایران کے درمیان کھیلا جانے والا گروپ جی کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔
لاس اینجلس میں منعقدہ اس سنسنی خیز میچ میں دونوں جانب سے کئی مواقع بنے، تاہم کوئی بھی ٹیم گیند کو جال تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
پہلے ہاف کے دوران ایران کو برتری حاصل کرنے کا بہترین موقع ملا جب ایک فری کک کے نتیجے میں گیند بیلجیئم کے گول میں جا پہنچی، لیکن ریفری نے آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے گول منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
میچ میں زیادہ تر وقت بیلجیئم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور متعدد خطرناک حملے کیے، تاہم ایرانی دفاع مضبوط دیوار ثابت ہوا۔ خاص طور پر گول کیپر علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے۔ دوسرے ہاف میں ان کی ایک غیرمعمولی سیو کو مبصرین نے ٹورنامنٹ کی بہترین بچاؤ کارکردگیوں میں شمار کیا۔
دوسری طرف بیلجیئم کے تجربہ کار گول کیپر کورٹوا نے بھی اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور ایران کے حملہ آوروں کو کامیابی حاصل کرنے سے روکے رکھا۔
دونوں گول کیپرز کی عمدہ کارکردگی اور مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث میچ اختتام تک بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔