پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے فٹ قرار
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے ایک بار پھر بولنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باقاعدہ طور پر بولنگ پریکٹس شروع کی، جس سے ان کی فٹنس کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔
میڈیکل پینل کی جانب سے ان کی بولنگ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں آئندہ ورلڈ کپ کے لیے فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے، جہاں انہیں پسلیوں میں تکلیف کی شکایت لاحق ہو گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی انجری پر بھی گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق نسیم شاہ کی نگہداشت کے لیے میڈیکل ماہرین سے مسلسل رابطہ جاری ہے اور ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ مکمل طبی رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے آغاز میں اب چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں، تاہم پاکستان سمیت کئی بڑی ٹیموں کو اہم کھلاڑیوں کی فٹنس مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث ٹورنامنٹ سے قبل ٹیموں کی تیاریوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔