دبئی میں پپلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری

دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے بسوں اور ٹیکسیوں کے لیے مخصوص لینز کے نیٹ ورک کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق 14.5 کلومیٹر طویل خصوصی بس اور ٹیکسی لین منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، جس کا تقریباً 30 فیصد حصہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور عوامی ٹرانسپورٹ کو زیادہ تیز اور مؤثر بنانا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ان مخصوص لینز کے ذریعے بسوں کے سفر کے وقت میں رش کے اوقات کے دوران 24 سے 59 فیصد تک کمی آنے کی توقع ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دبئی میں بسوں کے لیے مختص خصوصی لینز کا مجموعی فاصلہ 6.1 کلومیٹر سے بڑھ کر 20.6 کلومیٹر تک پہنچ جائے گا، جس سے ٹرانسپورٹ سسٹم مزید بہتر اور مؤثر ہو جائے گا۔