ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ پاکستانی قیادت کے ساتھ اہم دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ وزراء، سینئر حکام اور اعلیٰ سطحی نمائندوں پر مشتمل ایک وفد بھی پاکستان آئے گا۔ دورے کے دوران صدر پزشکیان کی ملاقات صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے متوقع ہے۔

سرکاری پروگرام کے تحت ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ صدرِ ایران کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہوگا۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، توانائی، سرحدی انتظام، علاقائی روابط اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ اسلام آباد میں طے پانے والی حالیہ مفاہمتی یادداشت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں ادا کیے گئے کردار پر شکریہ بھی ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط، اقتصادی شراکت داری اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

فریقین ماضی میں طے پانے والے اقتصادی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال، مشترکہ مفادات اور باہمی تعاون کے دیگر اہم معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔