آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی بلاول بھٹو کی پیشکش قبول کر لی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل اور مختلف آئینی عہدوں کے انتخاب کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کی درخواست کی۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور دیگر اہم عہدوں کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی اور ان کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
عبدالعلیم خان نے گفتگو کو مثبت اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مختلف سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔