لوئر دیر میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگری کی مشترکہ کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے چھ مطلوب شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مارے جانے والے افراد مختلف دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب تھے۔ ان پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں بعض ملزمان باڈوان پل پولیس پوسٹ پر حملے اور کانسٹیبل محمد اسماعیل کی شہادت کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابو جانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔

آپریشن کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جن میں چھ کلاشنکوفیں اور تین ہینڈ گرینیڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گرد عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے اور قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔