کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے سخت ترین سیکورٹی انتظامات
کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے روانہ ہوگا اور مقررہ روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جلوس کے تمام راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے، جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
سکیورٹی پلان کے تحت صدر، ریگل چوک اور ملحقہ علاقوں کی متعدد سڑکوں اور گلیوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جلوس کے روٹ پر واقع تجارتی مراکز اور دکانوں کو بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر بند رکھا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عزاداروں کی حفاظت اور جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔