سرگودھا میں 7 سالہ منتہا زہرہ قتل کیس میں ملوث ملزم ھلاک

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مطابق ملزم ارسلان کو تفتیش کے سلسلے میں برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ جھال چکیاں کے علاقے میں اس کے مبینہ ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم جان کی بازی ہار گیا، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر الزام تھا کہ اس نے دو روز قبل ایک کمسن بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کے دوران قتل کر دیا تھا، جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی تھی، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل عدالت نے ملزم ارسلان کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا تاکہ قتل میں استعمال ہونے والے ممکنہ آلے سمیت دیگر شواہد برآمد کیے جا سکیں۔ تفتیشی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔