کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا آر پی او ساہیوال ایاز سلیم ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو کے ھمراہ امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہونے والے جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ

ساہیوال (پاک لینز) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے آر پی او محمد ایاز سلیم کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں ساہیوال کی مرکزی امام بارگاہ قصرِ بتول سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او عثمان ٹیپو اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر نے جلوس کے شرکاء اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی، صفائی، طبی امداد، پینے کے پانی، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈیوٹی افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، فرض شناسی اور مستعدی سے انجام دیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او عثمان ٹیپو نے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر کمشنر نے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او ایاز سلیم نے چیچہ وطنی میں مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عزاداروں، ذاکرین اور منتظمین سے ملاقات کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بہترین سکیورٹی اور عزاداروں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ دورے کے دوران کمشنر نے چیچہ وطنی کی جامع مسجد نور میں نماز جمعہ بھی ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد پاکستان کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ بعد ازاں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ریجنل پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کے ہمراہ عارف والا میں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، اسسٹنٹ کمشنر عارف والا رائے فیصل عمران، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر اور آر پی او نے جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات، صفائی، پینے کے پانی، روشنی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوس کے شرکاء اور عزاداروں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ عزاداروں نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تمام متعلقہ افسران اور ڈیوٹی پر مامور عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، مستعدی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تاکہ محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔ آر پی او محمد ایاز سلیم نے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداروں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔