پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ نے عماد وسیم پر پھر سنگین الزامات لگا دئیے

پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ اور سوشل میڈیا شخصیت ثانیہ اشفاق نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے مزید دعوے کرتے ہوئے سابق شوہر پر نامناسب رویے، ذہنی دباؤ اور بچوں سے عدم دلچسپی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک بیان میں ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ شادی کے دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ اور حد سے زیادہ کنٹرول کرنے والے ماحول کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں بھی بچوں کی کفالت اور ان سے رابطے کے معاملے میں مشکلات برقرار ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بچوں کے اخراجات اور ان سے ملاقات کے حوالے سے سابق شوہر کی جانب سے خاطر خواہ دلچسپی نہیں دکھائی جا رہی، تاہم وہ بچوں کی نگہداشت اور تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ثانیہ اشفاق نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی الزام لگایا کہ دورانِ حمل انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بعض معاملات نے ان کی ذاتی زندگی کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس برطانیہ میں پیش آنے والے بعض واقعات کے بعد متعلقہ اداروں نے بھی معاملے کا جائزہ لیا تھا۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہیں اور ہر ممکن کوشش کریں گی کہ ان کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب عماد وسیم نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کا فیصلہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا تھا اور وہ اس باب کو اپنی زندگی میں بند سمجھتے ہیں۔

کرکٹر نے اپنی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس تنازع کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ ان کا ماضی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

عماد وسیم نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر عوامی سطح پر بار بار گفتگو نہیں کرنا چاہتے اور امید رکھتے ہیں کہ تمام فریقین حقیقت پسندانہ انداز میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے۔