پاک بحریہ کے شہید افسر کیاہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کرلیا
پاک بحریہ کے شہید افسر کی اہلیہ نے ثابت قدمی اور غیر معمولی حوصلے کی مثال قائم کرتے ہوئے خود بھی پاک بحریہ میں بطور افسر شمولیت اختیار کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی اہلیہ الویرا حمزہ نے پاکستان نیول اکیڈمی سے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کمانڈنٹ گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور پاک بحریہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ میں کمیشن حاصل کیا۔
الویرا حمزہ کا کہنا ہے کہ اپنے شوہر کی شہادت کے بعد ان کے دل میں بھی وطن کی خدمت کے لیے پاک بحریہ کا حصہ بننے کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جس وردی میں وہ اپنے شوہر کو ملک کی خدمت کرتے دیکھتی تھیں، آج اسی طرح کی وردی پہن کر اس مقام پر کھڑا ہونا ان کے لیے اور ان کی بیٹی کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں تربیت کا سفر ان کی زندگی کا ایک اہم اور قابلِ فخر تجربہ رہا۔ ان کے مطابق اس کامیابی کے پیچھے عزم، محنت اور ملک سے محبت کا جذبہ کارفرما رہا۔
الویرا حمزہ نے نوجوان خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو زندگی کے بڑے چیلنجز کا سامنا بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں اور مسلح افواج سمیت مختلف شعبوں میں ملک کی خدمت کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ان کی یہ کامیابی نہ صرف شہید افسر کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے بلکہ پاکستان کی خواتین کے لیے عزم، ہمت اور قومی خدمت کی ایک قابلِ تقلید مثال بھی بن گئی ہے۔