بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع

190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست مسترد کیے جانے کا فیصلہ انصاف کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ صحت سے متعلق مسائل کے باوجود انہیں ریلیف نہ دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔

اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے میں غیر ضروری تاخیر کی گئی، جبکہ استغاثہ کی جانب سے بار بار مہلت طلب کیے جانے کے باعث عدالتی کارروائی متاثر ہوئی اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

درخواست گزاروں نے اپنی گرفتاری کے طریقہ کار پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے غیر قانونی اور نامناسب قرار دیا ہے۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا متعلقہ فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سزا معطل کی جائے اور بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے قبل سزا معطلی سے متعلق دائر اپیلوں کو مسترد کر چکی ہے، جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ میں لے جایا گیا ہے۔