ایران کے رہبرِ اعلیٰ کے مشیر علی اکبر ولایتی کا بحرین کو انتباہ
ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بنیں اور ایران کو سخت ردعمل پر مجبور کریں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی اکبر ولایتی نے اپنے بیان میں بحرینی حکام پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال کی حساسیت کو مدنظر رکھیں اور ایسے فیصلوں سے اجتناب کریں جو مستقبل میں پیچیدگیاں پیدا کر سکتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک تجارتی جہاز پر ڈرون حملے کے بعد امریکا نے ایران کے مختلف مقامات پر کارروائیوں کا دعویٰ کیا، جن میں عسکری تنصیبات، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی نظام اور ڈرون سے متعلق تنصیبات شامل تھیں۔
اس کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب بحرین نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں میں استعمال ہونے والے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا۔ بحرینی فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
علاقائی کشیدگی میں اضافے کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔