رومانوی مناظرپرسحر ہاشمی سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں
پاکستان شوبز کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی ایک مرتبہ پھر اپنے حالیہ ڈراموں میں فلمائے گئے رومانوی مناظر کے باعث سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔
سحر ہاشمی نے اپنے ٹیلی وژن کیریئر کا آغاز ڈرامہ “ظلم” سے کیا تھا، جس کے بعد وہ متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کی بدولت ناظرین کی توجہ حاصل کر چکی ہیں۔ ان دنوں بھی وہ مختلف ڈرامہ سیریلز میں نمایاں کردار نبھا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈرامہ “من مست ملنگ” کے چند رومانوی مناظر وائرل ہونے پر بھی انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب ان کے نئے ڈراموں “زنجیریں” اور “شیدائی” کے بعض مناظر پر بھی صارفین مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ان مناظر پر اعتراض کرتے ہوئے ان کا تقابل بھارتی اداکار عمران ہاشمی سے کیا، جبکہ کئی مداحوں نے سحر ہاشمی کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایک اداکار اپنے کردار اور کہانی کے تقاضوں کے مطابق پرفارم کرتا ہے۔
سحر ہاشمی کا کہنا ہے کہ وہ ہر کردار کو اس کی نوعیت، اسکرپٹ اور کہانی کے تقاضوں کے مطابق نبھانے کی کوشش کرتی ہیں، اور ان کی ترجیح ہمیشہ اپنے کردار کو حقیقت کے قریب پیش کرنا ہوتی ہے