جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان پی سی بی اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کرکٹ کے فروغ اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے تحت جدہ میں عالمی معیار کے مطابق نیا کرکٹ اسٹیڈیم قائم کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے سربراہ نے دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت دونوں ادارے کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری، انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ، آپریشنل معیار کو مضبوط بنانے اور کھیل کی ترقی سے متعلق مختلف منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون کو اہم سمجھتا ہے اور اس شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات کو بھی مزید مضبوط کرے گی۔
معاہدے کے مطابق جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، ٹیلنٹ کی تلاش اور انہیں بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ یہ تعاون صرف ایک اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ مملکت میں کرکٹ کے مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے کھیل کی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔