وفاقی حکومت کا اپنا گھر اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کو زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (NBFCs) کو بھی اس منصوبے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت ایسے افراد بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس روایتی بینک اکاؤنٹ موجود نہیں، جس سے گھر کے خواہشمند مزید شہریوں کے لیے قرض حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔
حکام کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے تحت رجسٹرڈ نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کر سکیں گی، جبکہ مائیکروفنانس کمپنیاں مستحق درخواست گزاروں کو 50 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت دے سکیں گی۔
اس پروگرام کے تحت قرض لینے والوں کو ابتدائی 10 برس تک صرف 5 فیصد سالانہ شرح منافع پر فنانسنگ فراہم کی جائے گی، تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے خاندان اپنے گھر کی تعمیر یا خریداری کا خواب آسانی سے پورا کر سکیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا نیٹ ورک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ دورافتادہ اور کم سہولت والے علاقوں تک بھی پھیلا ہوا ہے، جس سے اسکیم کی رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس مقصد کے لیے ہاؤسنگ فنانس سے متعلق نیا ریگولیٹری فریم ورک بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت نان بینکنگ فنانس کمپنیاں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی قرضوں کی فراہمی ممکن بنا سکیں گی۔