وسیم اکرم نے انتقال سے متعلق جعلی خبروں پر خاموشی توڑ دی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی وفات سے متعلق گردش کرنے والی جھوٹی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ان کے انتقال کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج کے جدید دور میں لوگ جعلی خبروں کا شکار ہو سکتے ہیں تو ان کی عمر کے افراد سے ہر خبر کی حقیقت جانچنے کی توقع رکھنا بھی آسان نہیں۔
وسیم اکرم نے ان صارفین کا بھی دلچسپ انداز میں جواب دیا جو ان سے پوچھ رہے تھے کہ آیا وہ واقعی زندہ ہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، “اگر میں ویڈیو میں بات کر رہا ہوں تو ظاہر ہے زندہ ہی ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی جانے والی ایسی جعلی ویڈیوز بنانے والوں نے یقیناً کافی محنت کی ہوگی، لیکن اگر یہی صلاحیتیں مثبت اور تعمیری کاموں میں استعمال کی جائیں تو وہ زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ دیگر معروف شخصیات، جیسے شاہد آفریدی اور شعیب اختر، بھی ایسی جعلی ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ صرف ظاہری چیزیں یا نقل کرنا کافی نہیں ہوتا بلکہ صحیح علم اور سمجھ بوجھ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے آخر میں ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے فکر کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان تمام افواہوں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کو مسترد کر دیا، جن میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا تھا کہ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ بے بنیاد خبریں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ویڈیوز اور پوسٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں، جس سے کرکٹ شائقین اور مداحوں میں تشویش پیدا ہو گئی تھی۔