نوبیاہتا دلہن دلہے کے گھر سے طلائی زیورات لوٹ کر فرار
رحیم یار خان میں مبینہ طور پر نوبیاہتا دلہن زیورات اور نقدی لے کر غائب، مقدمہ درج
رحیم یار خان میں ایک نوبیاہتا خاتون کے مبینہ طور پر شادی کے کچھ ہی عرصے بعد سسرال سے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے کر لاپتا ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے گھر سے طلائی زیورات، مہنگے ملبوسات اور نقد رقم ساتھ لے کر چلی گئی، جس کے بعد اہلِ خانہ نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دلہے کی والدہ کی درخواست پر تھانہ تبسم شہید میں چوری اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق اس نوعیت کے واقعات سے متعلق پہلے بھی شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن میں سادہ لوح اور متوسط طبقے کے خاندانوں کو نشانہ بنانے کا الزام سامنے آیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔