یوٹیوبرعلی حیدرآبادی کی بیوی پر تشدد کیس میں 14 جولائی تک عبوری ضمانت منظور

لاہور کی سیشن عدالت نے بیوی پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں یوٹیوبر علی حیدر آبادی کی عبوری ضمانت منظور کر لی

لاہور کی سیشن عدالت نے بیوی پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں نامزد یوٹیوبر علی حیدر آبادی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 14 جولائی تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کر دیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے وکیل رانا انتظار پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل تفتیشی عمل میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے، تاہم گرفتاری کا خدشہ موجود ہے، اس لیے عبوری ضمانت دی جائے۔

دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نے علی حیدر آبادی کو متعلقہ تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے 14 جولائی تک ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

واضح رہے کہ علی حیدر آبادی کے خلاف لاہور کے تھانہ سندر میں ان کی اہلیہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں مقدمہ درج ہے، جس کی تحقیقات پولیس کی جانب سے جاری ہیں۔