شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئر ویز کی ایک کارگو پرواز دورانِ پرواز اچانک لاپتا
شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئر ویز کی ایک کارگو پرواز دورانِ پرواز اچانک لاپتا ہو گئی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شارجہ سے کراچی آنے والے کارگو طیارے سے فضائی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق پرواز نے رات 9 بج کر 18 منٹ پر نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس کے بعد کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے طیارے کی رہنمائی کے لیے فوری اقدامات کیے۔
حکام کے مطابق تقریباً تین منٹ بعد، یعنی رات 9 بج کر 21 منٹ پر، ریڈار پر طیارے کی بلندی میں تیزی سے کمی دیکھی گئی۔ اسی دوران طیارے نے اپنی سمت بھی تبدیل کی، جس کے بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں اس سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر ختم ہو گیا۔
واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ نے جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار کو روانہ کر دیا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کا Saab 2000 AEW&C طیارہ اور پاک بحریہ کا ATR طیارہ بھی فضائی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتا کارگو طیارے میں پانچ رکنی عملہ موجود تھا، جن میں کپتان محمد رضوان ادریس، معاون پائلٹ فیصل جتوئی، انجینیئر محمد حامد، محمد عارف صدیقی اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے اور عملے کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔