ایران نے امریکی حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین اور کویت میں موجود امریکی اڈوں پر مزائیل داغ دئیے
امریکی فضائی کارروائیوں کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران بحرین اور کویت میں امریکی مفادات سے متعلق مجموعی طور پر 85 مقامات کو ہدف بنایا گیا، جن میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کا ہیڈکوارٹر اور کویت کا علی السالم ایئر بیس بھی شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی حملے شہید رہبرِ اعلیٰ کی تعزیتی تقریبات سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش تھے۔ ایرانی حکام نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ امریکا نے حالیہ کارروائی کے ذریعے اسلام آباد میمورنڈم اور جنگ بندی سے متعلق طے شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی، جبکہ میزائل حملے اسی کے جواب میں ابتدائی ردعمل ہیں۔
دوسری جانب ایرانی حملوں کی اطلاعات کے بعد بحرین اور کویت میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے۔ دونوں ممالک میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، جبکہ کویتی حکام نے شہریوں کو سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ حکام کے مطابق دفاعی نظام کو بھی مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔