سکردو جانے والے نجی ائیر لائن کے طیارے میں ٹیک آف کے درمیان پرندہ ٹکرا گیا
اسکردو جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز ٹیک آف کے دوران برڈ ہٹ (پرندہ ٹکرانے) کے واقعے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا۔
اطلاعات کے مطابق پرواز پی کے 455 میں تقریباً 170 مسافر سوار تھے۔ روانگی کے وقت ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا، جس سے انجن کے بلیڈ متاثر ہوئے اور پرواز کو حفاظتی اقدامات کے تحت روک دیا گیا۔
ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ طیارے کا تکنیکی معائنہ اور مرمت کا عمل جاری ہے، جبکہ پرواز کی بحالی سے متعلق فیصلہ حفاظتی جانچ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔