ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کے 2 لاکھ 10 ہزار روپے کے 105 چالان

پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں ایک شہری اس وقت حیران رہ گیا جب اسے معلوم ہوا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر اس کے نام پر مجموعی طور پر 105 ٹریفک چالان جاری ہو چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار روپے بنتی ہے۔

متاثرہ شہری کے مطابق اس نے دسمبر 2024 میں اپنی غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکل ایک شوروم کو فروخت کر دی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ بعد میں شوروم کے مالک نے مبینہ طور پر اس کی رضامندی کے بغیر موٹرسائیکل کی رجسٹریشن اس کے نام پر کروا دی۔

شہری نے بتایا کہ اگست 2025 سے مسلسل ٹریفک چالان موصول ہونے لگے، جس کے بعد اسے معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل اب بھی سرکاری ریکارڈ میں اس کے نام پر درج ہے۔ اس نے الزام عائد کیا کہ رجسٹریشن کا عمل غیر قانونی طریقے سے مکمل کیا گیا، جس پر اس نے متعلقہ شوروم مالک کے خلاف باقاعدہ درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری کی شکایت موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔