لاھور میں خواتین کے لیے خصوصی سفری سہولیات کے لیے 5 سپیڈو بسیں ٹریک پر آپریشنل
لاہور میں میٹرو بس سروس استعمال کرنے والی خواتین مسافروں کی سہولت اور تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے خواتین کے لیے الگ بسیں چلانے کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے ابتدائی مرحلے میں خواتین کے لیے پانچ خصوصی بسیں مختص کی ہیں۔ اس مقصد کے لیے پانچ سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو بس کے روٹ پر آپریشنل کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو سفر کے دوران زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد رش کے اوقات میں خواتین کو ہجوم اور ممکنہ ہراسگی سے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فوری عمل کرتے ہوئے سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو بس سروس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر مستقل بنیادوں پر خواتین کے لیے مختص کی جائیں گی۔ ان کے مطابق خواتین کو محفوظ، آرام دہ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید اقدامات بھی جلد متعارف کرائے جائیں گے۔