پنجاب بار کونسل کی جانب سے 125 وکلاء کے لائسنس معطل کر دیے

پنجاب بار کونسل نے مبینہ طور پر مشکوک ایل ایل بی ڈگریوں کے معاملے میں اہم کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے 125 وکلا کے لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیے ہیں اور انہیں وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

چیئرمین پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان کے مطابق متعلقہ وکلا کو آئندہ سماعت کے موقع پر اپنی اصل ایل ایل بی ڈگری اور اس کی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے والے وکلا کے خلاف قانونی ضابطوں کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات میں تقریباً 1200 وکلا کی قانون کی ڈگریوں کو مشکوک قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد پنجاب بار کونسل نے معاملے کی باقاعدہ جانچ اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

فخر حیات اعوان نے واضح کیا کہ جعلی یا مشتبہ تعلیمی اسناد رکھنے والے وکلا کے خلاف سخت پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور ایسے معاملات میں کسی قسم کی رعایت یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔