بھارتی ریاست بہار میں ایک مسلمان خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور مذہبی توہین کا واقعہ
بھارتی ریاست بہار میں ایک مسلمان خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور مذہبی توہین کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے، جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بہار کے ضلع نواڈا کے علاقے کمل پور میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر چند افراد نے خاتون کا برقع کھینچا، نقاب اتروایا اور زبردستی اس کی پیشانی پر سندور لگایا۔ ویڈیو میں بعض افراد کو مذہبی نعرے لگاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے اس عمل کی مزاحمت کی، تاہم وہاں موجود افراد ویڈیو بناتے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون نے اسکوٹر پر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی، لیکن مبینہ طور پر کچھ افراد نے اس کا تعاقب بھی کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی بہار میں ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار پر ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب ہٹانے کا الزام سامنے آیا تھا، جس پر اس وقت بھی مختلف حلقوں میں بحث ہوئی تھی۔