پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کی روح کے مطابق تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ تنازعات کے حل کا مؤثر راستہ مذاکرات اور سفارتی ذرائع ہیں، جبکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھی مسلسل سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور تناؤ میں کمی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے اور خطے کی بدلتی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔