رواں سال کا مکمل سورج گرہن 12 اگست کو متوقع

سال 2026 کا اگلا مکمل سورج گرہن 12 اگست کو رونما ہونے کی توقع ہے، تاہم یہ دلکش فلکیاتی منظر صرف دنیا کے چند مخصوص خطوں میں ہی مکمل طور پر دیکھا جا سکے گا، جبکہ کئی دیگر ممالک میں سورج گرہن جزوی شکل میں نظر آئے گا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے (ناسا) نے بتایا ہے کہ مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس، اسپین، پرتگال کے بعض علاقوں اور بحرِ اوقیانوس کے اوپر واضح طور پر دکھائی دے گا۔ اسپین کے بالیئرک جزائر میں سورج غروب ہونے سے پہلے مکمل گرہن کا منفرد منظر دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا، جنوبی کینیڈا، یورپ اور شمال مغربی افریقہ کے مختلف علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جائے گا، جہاں چاند سورج کے صرف ایک حصے کو ڈھانپے گا، جس سے سورج کا ایک حصہ غائب دکھائی دے گا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ کر سورج کی پوری قرص کو ڈھانپ لیتا ہے، جس کے نتیجے میں دن کے وقت بھی چند لمحوں کے لیے اندھیرا چھا جاتا ہے۔ یہ منظر صرف ان علاقوں میں دیکھا جا سکتا ہے جو مکمل گرہن کے راستے میں واقع ہوں۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں اوسطاً ہر ڈیڑھ سال بعد مکمل سورج گرہن ہوتا ہے، جبکہ اس سے قبل آخری مکمل سورج گرہن 8 اپریل 2024 کو دیکھا گیا تھا۔