فیصل آباد میں 8 سالہ بچہ گندے نالے میں گر کر جاں بحق
فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں ڈوگر چوک کے قریب واقع سیوریج نالے میں گرنے سے 8 سالہ بچے کی جان چلی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سدھو پورہ کا رہائشی محمد سہیل نالے کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ گندے پانی کے نالے میں جا گرا، جہاں ڈوبنے کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔ طویل کوششوں کے بعد اہلکاروں نے بچے کی لاش نالے سے نکال لی۔
بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی کے لیے میت کو جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے پر اہلِ خانہ میں شدید غم و افسوس کی فضا قائم ہے۔