خاتون کی نجی تصاویر شوہر کو بھیجنے والا ملزم ہارون قریشی لاہور میں کارروائی کے دوران گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے خواتین اور شہریوں کو آن لائن بلیک میل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ایجنسی حکام کے مطابق لاہور میں ایک کارروائی کے دوران ہارون قریشی نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک خاتون کی نجی تصاویر اس کے شوہر کو ارسال کر کے اس کی ازدواجی زندگی متاثر کرنے کی کوشش کی۔
ایک اور کارروائی فیصل آباد کی این سی سی آئی اے ٹیم نے ایبٹ آباد کے علاقے شیرواں کلاں میں کی، جہاں محمد انور نامی ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم سوشل میڈیا پر خاتون کی جعلی شناخت اختیار کر کے شہریوں سے دوستی کرتا، پھر انہیں جذباتی طور پر اپنے اعتماد میں لے کر قابلِ اعتراض مواد حاصل کرتا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بعد ازاں اسی مواد کی بنیاد پر متاثرہ افراد کو بلیک میل کرتا، رقم کا مطالبہ کرتا اور رقم نہ ملنے کی صورت میں نجی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے یا لیک کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ ان کے ممکنہ ساتھیوں اور دیگر متاثرین کے حوالے سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔