سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابلِ قبول۔وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر کیے گئے حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس کی سلامتی و تحفظ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مثبت سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھی سعودی عرب پر حوثیوں کے مبینہ بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ سعودی اتحاد کی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق یمن میں موجود حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔

اس سے قبل حوثی گروپ نے صنعا ایئرپورٹ پر سعودی فضائی کارروائیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ان حملوں کے نتائج سامنے آئیں گے۔