پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن “شعبان” مختلف علاقوں میں بدستور جاری

پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن “شعبان” مختلف علاقوں میں بدستور جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے منسلک عناصر کے خلاف فضائی اور زمینی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران مزید چار مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہیں، جس کے بعد آپریشن “شعبان” میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 83 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن “شعبان” اور دیگر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 121 مبینہ خارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز اپنے آپریشنز کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہی ہیں۔