فیاض الحسن چوہان کا مولانا فضل الرحمان کو انکے کے دونوں بیٹوں کو سرحد پر بھیجنے پر ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان
استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اپنے دونوں بیٹوں کو سرحدی علاقے میں خدمات انجام دینے کے لیے بھیجیں تو وہ ذاتی طور پر ہر ایک کو ایک کروڑ روپے دینے کے لیے تیار ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی قربانیوں کا اندازہ صرف وہی شخص لگا سکتا ہے جو ایسے حالات کا عملی تجربہ رکھتا ہو۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ وہ شہداء سے متعلق اپنے بیان پر قوم سے معذرت کریں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق کے دوران پاک افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور پوری قوم نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کا ساتھ دیا۔ ان کے بقول بھارت اپنی ناکامی کے بعد مختلف سازشوں میں مصروف ہے، جبکہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ملک کے دفاع کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے عوامی سطح پر دکھ اور تشویش پائی گئی ہے، کیونکہ اس میں مسلح افواج اور شہداء کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والوں کی خدمات کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔