فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی اور فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ فتح کے بعد اسٹیڈیم میں ارجنٹینا کے کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔

اٹلانٹا میں ہونے والے اس دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ نے دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی تھی۔

تاہم ارجنٹینا نے ہمت نہیں ہاری اور کھیل کے آخری حصے میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔ ارجنٹینا کی جانب سے فرنانڈیز نے 85ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کیا، جبکہ اس کے چند ہی لمحوں بعد مارٹینز نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی۔

میچ کے اختتامی لمحات تک دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا، تاہم دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا اور فائنل میں جگہ بنا لی۔

یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اب ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں اسپین اور ارجنٹینا آمنے سامنے ہوں گے۔