آبنائے ہرمز ہماری ریڈ لائن ہے، امریکی مداخلت قبول نہیں، ترجمان ایرانی افواج
ایران کی مشترکہ عسکری کمانڈ خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے لیے ایک بنیادی قومی مفاد اور ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا اس معاملے میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو جوابی ردعمل میں خطے کے اہم انفرااسٹرکچر بھی ہدف بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمنیا نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو تنازع مزید پھیل سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی افواج نے اب تک اپنی تمام عسکری صلاحیتوں کا استعمال نہیں کیا۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کے مؤقف اور اختیار کو کوئی بھی عالمی طاقت چیلنج نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم بحری گزرگاہ سے متعلق حکمت عملی رہبرِ اعلیٰ کے وژن کے مطابق ترتیب دی گئی ہے۔