میانمار کے ساحلی علاقے کے قریب حالیہ دنوں میں 500 سے زائد افراد کو لے جانے والی دو کشتیاں سمندر میں حادثے کا شکار

اقوام متحدہ کے دو ذیلی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میانمار کے ساحلی علاقے کے قریب حالیہ دنوں میں 500 سے زائد افراد کو لے جانے والی دو کشتیاں سمندر میں حادثے کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔

بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (IOM) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ یہ دونوں کشتیاں جون کے آخری ہفتے میں میانمار کی ریاست راکھین سے روانہ ہوئی تھیں اور ان میں سوار بیشتر افراد روہنگیا پناہ گزین تھے۔

بیان کے مطابق کچھ مسافر بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں قائم مہاجر کیمپوں سے بھی اس سفر میں شامل ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ایک کشتی میں تقریباً 250 جبکہ دوسری میں 280 افراد موجود تھے۔

اقوام متحدہ کے اداروں نے نشاندہی کی کہ یہ سفر ایسے وقت میں کیا گیا جب سمندر میں موسم عام طور پر خراب اور لہریں زیادہ خطرناک ہوتی ہیں، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال بحیرہ انڈمان اور خلیج بنگال میں پیش آنے والے مختلف بحری حادثات کے نتیجے میں اب تک تقریباً 300 افراد کے لاپتا ہونے یا جان سے ہاتھ دھونے کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں، جن میں روہنگیا پناہ گزینوں کے علاوہ بنگلہ دیشی شہری بھی شامل ہیں۔