اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیاں دینے، کردار کشی کرنے اور ذہنی دباؤ ڈالنے جیسے الزامات عائد کر دیئے
July 16, 2026
4:13 pm
اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے ایک معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیاں دینے، کردار کشی کرنے اور ذہنی دباؤ ڈالنے جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں ہما سلیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ تقریباً دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کیے جانے اور مختلف نوعیت کے دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بھی وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو مختلف ذرائع سے انہیں مشکلات میں ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پروفیشنل حلقوں سے بھی رابطے کیے گئے تاکہ ان کی ساکھ متاثر ہو، جس کے نتیجے میں ان کے کام سے وابستہ افراد بھی اس صورتحال سے متاثر ہوئے۔
ہما سلیم نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسے تعلق کا حصہ رہیں جو ان کے لیے ذہنی اذیت اور توہین کا باعث تھا، اور وہ کافی عرصے تک خاموش رہیں، تاہم اب انہوں نے اس معاملے پر خاموش نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کی قانونی ٹیم جلد اس معاملے سے متعلق دستیاب شواہد سامنے لائے گی، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید اہم تفصیلات بھی عوام کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔