ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے صوبہ خوزستان میں ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو مار گرایا

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے صوبہ خوزستان میں ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو مار گرایا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر نصب امریکی سپر ہاک ریڈار سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ بحرین میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر ڈرون حملے کیے گئے۔

دوسری جانب ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ روز امریکی حملے میں سیستان و بلوچستان صوبے کے ایرانشہر کے قریب واقع بمپور گیریژن کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور سات اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ بوشہر کے تین مختلف مقامات پر بھی بمباری کی گئی، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ چابہار میں ایک سمندری نگرانی ٹاور کو بھی ہدف بنایا گیا۔

ایرانی حکومت کی ترجمان کے مطابق حالیہ امریکی کارروائیوں میں اب تک 30 شہری ہلاک اور 260 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق 222 زخمیوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں تین افراد کی عمر 18 سال سے کم بتائی گئی ہے۔