آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد
آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سمر کیمپ میں ملک کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے چار ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جہاں انہیں مختلف تعلیمی، تربیتی اور آگاہی سیشنز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکاء سے خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے پاکستان کی تاریخ، موجودہ صورتحال، مستقبل کے امکانات اور دو قومی نظریے کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ نظریۂ پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ قومی شناخت دی اور انہیں آزاد وطن کے قیام کے لیے متحد کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کا آئین تمام مذہبی و نسلی اقلیتوں کو مذہبی آزادی، سماجی تحفظ اور قانونی حقوق فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں انتہاپسندی اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ اس کے سیکولر دعوؤں پر سوالات کھڑے کرتا ہے۔
کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ اصولوں پر مبنی، واضح اور مستقل رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ کا مطالعہ مستند ذرائع سے کریں، تحقیق کو فروغ دیں اور حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے استعمال کریں اور مثبت تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے بقول آئی ایس پی آر کا سمر کیمپ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور قومی شعور کو فروغ دینے کی ایک مؤثر کاوش ہے۔