لوئر دیر کے علاقے لڑم ٹاپ رباط درہ میں سیکیورٹی سرچ آپریشن کے دوران مسلح شدت پسندوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ 15 زخمی ہو گئے

لوئر دیر کے علاقے لڑم ٹاپ رباط درہ میں سیکیورٹی سرچ آپریشن کے دوران مسلح شدت پسندوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں کانسٹیبل ریاض اور کانسٹیبل محب خان شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال تیمرگرہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد مقامی سیاسی و سماجی رہنما، منتخب نمائندے اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران تیمرگرہ اسپتال پہنچے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ دوسری جانب پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس فورس نے حملہ آوروں کا بھرپور حوصلے اور جرات کے ساتھ مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد مارے گئے اور انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ اس واقعے کے باوجود پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں مستقل امن کے قیام کے لیے نئی حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔