میدان میں اسپین کا ہیرو، گھر پر چوروں کا حملہ؛ لامین یامال کے گھر میں نقب زنی کی کوشش ناکام

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف نمایاں کھیل پیش کرتے ہوئے اسپین کو فائنل تک پہنچانے والے نوجوان فٹبالر لامین یامال ایک افسوسناک واقعے سے دوچار ہو گئے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسپین کی کامیابی کے چند گھنٹوں بعد ان کے گھر میں مبینہ طور پر چوری کی کوشش کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق دو نقاب پوش افراد نے بارسلونا کے مضافاتی علاقے میں واقع لامین یامال کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم وہاں تعینات نجی سکیورٹی عملے نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشتبہ نقل و حرکت دیکھتے ہی فوری کارروائی کی، جس کے بعد ملزمان فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان گھر سے کوئی قیمتی سامان لے جانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ لامین یامال نے فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کی 0-2 کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فتح کے ساتھ اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ یامال اپنی مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔